کراچی (ٹی وی رپورٹ) وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ آپریشن غضب للحق کے اہداف بہت واضح ہیں،ہم نے ہتھیاروں کے ذخائر کو ٹارگٹ کیا، سعودی محاذ پر پاکستان بڑے مضبوط طریقے سے اپنابھرپور کردار ادا کر رہا ہے ۔وہ جیو نیوز کے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کیساتھ “ میں میز بان شاہزیب خانزادہ سے گفتگو کررہے تھے۔ تفصیلات کے مطابق پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں دہشت گردی کے تمام تانے بانے افغانستان سے ملے۔ افغان طالبان رجیم کو پاکستان اور دہشت گردی میں سے ایک انتخاب کرنا ہوگا۔ دوست ممالک بھی اب پاکستان کی تشویش کو سمجھ رہے ہیں۔ آپریشن غضب للحق کے اہداف بہت واضح ہیں۔ افغانستان میں ہر کارروائی کے بعد ہم ویڈیو جاری کر دیتے ہیں۔ افغان طالبان رجیم کو جھوٹ پر مبنی دو پوسٹس ڈیلیٹ کرنا پڑیں۔ ہماری کارروائی کے بعد جو شعلے اُڑے وہ اسلحے کے ذخیرے کا ثبوت ہے۔