پشاور(لیڈی رپورٹر ) الخدمت فاونڈیشن خیبرپختونخوا نے گزشتہ برسوں کی طرح امسال بھی صوبہ بھر میں الخدمت فاونڈیشن کے زیرکفالت ساڑھے چھ ہزار سے زائد باہمت بچوں اور سٹریٹ چلڈرن کو عید گفٹس فراہم کردیئے۔پشاور سمیت صوبہ بھر میں الخدمت فاونڈیشن کے زیرکفالت فیملی سپورٹ پروگرام اور آغوش ہومز میں زیرکفالت بچوں کو عید کفٹس کی فراہمی کا سلسلہ رمضان المبارک کے آخری عشرے سے عید کے تیسرے روز تک جاری رہا اس دوران پشاور سمیت صوبے کے دیگر اضلاع میں واقع بڑے بڑے شاپنگ مالز میں آغوش ہومز اور الخدمت فیملی سپورٹ پروگرام کے زیرکفالت بچوں اور بچیوں کو لے جاکر عید کی شاپنگ کرائی گئی جبکہ عید کے تینوں دنوں میں بھی ان باہمت بچوں کو عیدگفٹس کی فراہمی کے لئے تقریبات کا سلسلہ جاری رہا۔اس سلسلے میں الخدمت کے صوبائی ہیڈکوارٹر الخدمت ہاوس سکندر ٹاون میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی پشاور پریس کلب کے صدر ایم ریاض تھے۔تقریب سے الخدمت کے صوبائی صدر خالدوقاص نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الخدمت ملک بھر میں 36ہزار سے زائد اور خیبرپختونخوامیں چھ ہزار سے زائد یتیم اور باہمت بچوں کی کفالت کررہی ہے۔پشاور پریس کلب کے صدر ایم ریاض نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلاشبہ الخدمت فاونڈیشن کی بے لوث خدمات نہ صرف ادارے کے لئے بلکہ پوری قوم کے لئے باعث فخر ہیں الخدمت فاونڈیشن ایک ایسا ملک گیر ادارہ ہے جس کی بلاتفریق خدمات کسی فرد پارٹی ضلع صوبہ تک محدود نہیں ہیں بلکہ الخدمت رنگ،نسل،زبان،مذہب سے بالاتر انسانیت کی بلاتفریق خدمت پر عمل کی حد تک یقین رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ الخدمت کی خدمات کا سلسلہ پاکستان سے ہوتا ہوا پوری دنیا میں پھیلا ہوا ہے اور آج غزہ اور فلسطین میں الخدمت کی فلاحی سرگرمیاں اس کا ثبوت ہے۔