پشاور ( لیڈی رپورٹر)تحریک جوانانِ پاکستان کے زیرِ اہتمام 23مارچ کے حوالے سے ریلی نکالی گئی جو صوبائی اسمبلی خیبر پختونخوا سے شروع ہو کر قلعہ بالا حصار کے سامنے اختتام پذیر ہوئی۔اس موقع پر شرکاء نے پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے ریلی کی قیادت صوبائی نائب صدر شکیل شاہ، اقلیتی ونگ کے صوبائی نائب صدر شہزاد یونس اور لیبرونگ کے نمائندہ زاہد خان نے کی، جبکہ کارکنوں کی بڑی تعداد نے بھرپور شرکت کی۔ ریلی کے اختتام پر مقررین اورصوبائی نائب صدر شکیل شاہ نے کہا ہے کہ 23 مارچ کا دن ہمیں اس عہد کی یاد دلاتا ہے جب برصغیر کے مسلمانوں نے ایک الگ وطن کے حصول کے لیے متحد ہو کر جدوجہد کی۔ قراردادِ پاکستان دراصل ایک ایسا تاریخی فیصلہ تھا جس نے مسلمانوں کو ایک نئی امید دی اور انہیں آزادی کی منزل تک پہنچایا۔ ہمیں اس بات کا عہد کرنا ہوگا کہ ہم ملک کی سالمیت، جمہوریت اور آئین کی بالادستی کے لیے متحد رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک جوانانِ پاکستان ہمیشہ عوام کے حقوق، جمہوریت اور قومی یکجہتی کے لیے جدوجہد کرتی رہے گی۔جو ہمیں وطنِ عزیز کی بقا، سلامتی اور ترقی کے لیے متحد رہنے کا درس دیتا ہے۔