اسلام آ باد ( رانا غلام قادر )وزیراعظم کے حکم پر سرکاری گاڑیوں میں ہائی آکٹین پٹرول ڈلوانے پر فوری پابندی عائد ، وزیر اعظم آفس نے اعلامیہ جاری کرد یا ۔وزیر اعظم نے واضح کیا کہ اگر کسی بھی سرکاری محکمے کی گاڑی میں ہائی اوکٹین ایندھن کا استعمال نا گزیر ہے تو استعمال کرنے والا اپنے ذاتی جیب سے استعمال کرسکتا ہے، سرکاری خرچ پر ہائی اوکٹین کے استعمال پر سخت پابندی عائد کر دی گئی ،وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ تمام وفاقی محکمے، اتھارٹیز اور ذیلی ادارے اس فیصلے پر فوری اور مکمل عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔اعلامیہ کے مطا بق اس پابندی کا اطلاق فی الفور ہو گا۔ اعلامیہ میں کہا گیا کہ کفایت شعاری پالیسی پر عملدرآمد،غیر ضروری اخراجات میں کمی لانا ضروری ہے ۔ہائی اوکٹین فیول پر پیٹرولیم لیوی میں اضافے کے فیصلے کے تسلسل میں وزیر اعظم کا ایک اور اہم فیصلہ سامنے آیا ، وزیر اعظم شہباز شریف نے سرکاری گاڑیوں میں ہائی اوکٹین ایندھن کے استعمال پر پابندی عائد کر دی ، وزیر اعظم نے کہا ہے کہ اس فیصلے کا مقصد قومی وسائل کے مؤثر اور ذمہ دارانہ استعمال کو یقینی بنانا ہے۔