سلام آباد ( نیو زرپورٹر)نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے پیر کو عراق کے نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ فواد حسین کو ٹیلی فون کیا اور موجودہ علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنماؤں نے جاری علاقائی کشیدگی اور اس کے وسیع تر اثرات پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کشیدگی کم کرنے اور مزید عدم استحکام سے بچنے کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے اس بات کو اجاگر کیا کہ مکالمہ اور بین الاقوامی قانون کی پاسداری خطے اور اس سے باہر امن، سلامتی اور استحکام کے لیے ناگزیر ہیں۔ دونوں رہنماؤں نے عید کی مبارکباد کا بھی تبادلہ کیا۔ دریں ا ثنا ؑ نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ترکیہ کے وزیرِ خارجہ ہاکان فیدان سے خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر گفتگو کی۔پیر کو دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے خطے میں حالیہ پیش رفت کا جائزہ لیا جس میں امریکی صدر کی جانب سے حال ہی میں جنگ کے عارضی خاتمے کے اعلان کا بھی ذکر کیا گیا۔ نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ نے خطے اور اس سے باہر امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے مسلسل سفارتی روابط کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے بدلتی ہوئی صورتحال پر قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔