لاڑکانہ( بیورو رپورٹ)صدر زرداری کی بلاول بھٹو کے ہمراہ گڑھی خدا بخش آمد، سخت سکیورٹی میں بینظیر بھٹو اور دیگر شخصیات کے مزاروں پر فاتحہ خوانی اور گلپاشی کی، پریزیڈنٹ ہاؤس نودیرو میں وفاقی اور صوبائی وزرا سمیت امیر بخش بھٹو سے ملاقاتیں۔ تفصیلات کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے اتوار کی سہ پہر گڑھی خدا بخش میں بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو اور بھٹو خاندان کے دیگر افراد کے مزاروں پر حاضری دے کر فاتحہ خوانی کی اور پھول چڑھائے۔ صدر زرداری کی آمد کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے اور مزار کے احاطے کو عام لوگوں کے لئے بند کردیا گیا تھا۔ علاوہ ازیں صدر آصف علی زرداری سے اتوار کو صدارت ہاؤس نودیرو میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی ، وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک اور وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ملاقات کرکے ملک کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ صدر زرداری سے ملنے والوں میں سابق وزیراعلی سندھ ممتاز بھٹو کے صاحبزادے امیر بخش بھٹو بھی شامل ہیں ۔ امیر بخش بھٹو نے صدر زرداری اور بلاول بھٹو کو عید کی مبارکباد پیش کی اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی خواتین ونگ کی صدر فریال تالپور اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں ۔