کراچی (نیوز ڈیسک)ایران کا امریکی اسٹیلتھ طیارہ گرانے کا دعویٰ، حقیقت کیا ہے؟ امریکی ایف35 لڑاکا طیارے کی ہنگامی لینڈنگ، پائلٹ محفوظ رہا، ایران نے طیارے کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا۔ امریکا کی جانب سے حملے کی تصدیق سے گریز، تحقیقات جاری، اگر تصدیق ہوئی تو اسٹیلتھ ٹیکنالوجی پر سوال اٹھیں گے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے دوران ایران کی جانب سے جدید امریکی اسٹیلتھ لڑاکا طیارے ایف-35 کو نشانہ بنانے کا دعویٰ سامنے آیا ہے، تاہم اس دعوے کی تاحال آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی۔رپورٹس کے مطابق ایک امریکی ایف35 طیارے نے حالیہ دنوں میں ہنگامی لینڈنگ کی، جس کی تصدیق امریکی فوج نے بھی کی ہے۔ امریکی سینٹرل کمانڈ کے مطابق طیارہ بحفاظت اتارا گیا اور پائلٹ کی حالت مستحکم ہے، جبکہ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔دوسری جانب ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ایک امریکی طیارے کو نشانہ بنایا۔ ایرانی میڈیا نے اس حوالے سے مبینہ ویڈیوز بھی جاری کی ہیں، تاہم ان کی آزادانہ تصدیق ممکن نہیں ہو سکی۔