کراچی( ثاقب صغیر )ایف آئی اے نے سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کینیڈین پاسپورٹ چھپا کر بیرون ملک جانے کی کوشش ناکام بنا دی ۔ حکام کے مطابق عمرہ کے بہانے سفر کرنے والے مسافر جنید علی کو مشکوک جان کر روکا گیا تو سامان کی تلاشی میں ڈائری سے کینیڈین پاسپورٹ برآمد ہوا۔مسافر نے بڑی مہارت سے ڈائری کے خفیہ حصے میں کینیڈین پاسپورٹ چھپایا ہوا تھا۔مسافر نے افغان شہری ظاہر ہونے کیلئے جعلی شناختی معلومات استعمال کرنے کی کوشش کی۔ایجنٹوں نے 1 کروڑ 50 لاکھ روپے کے عوض کینیڈا پہنچانے کا منصوبہ بنایا تھا۔ملزم نے انکشاف کیا کہ رقم سیالکوٹ سے کینیڈا ہنڈی حوالہ کے ذریعے منتقل کی گئی۔کینیڈا سے آنے والے شخص نے ڈائری میں چھپا کر پاسپورٹ اور بینک کارڈ مسافر کے حوالے کئے تھے۔منصوبے کے تحت سعودی عرب پہنچ کر پاکستانی دستاویزات ضائع کرنا اور کینیڈین پاسپورٹ پر کینیڈا داخل ہونا تھا۔ایف آئی اے امیگریشن سیالکوٹ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مسافر کو آف لوڈ کر دیا۔ملزم کو مزید قانونی کارروائی کیلئے ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل سیالکوٹ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔