کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سپریم کورٹ کے جسٹس محمد علی مظہر کی سربراہی میں تین رکنی لارجر بینچ نے عید الفطر سے قبل 4 روز میں 113 مقدمات کی سماعت کرتے ہوئے 73 مقدمات کو نمٹایا۔ بینچ میں جسٹس عقیل احمد عباسی اور جسٹس محمد شفیع صدیقی شامل رہے۔ کراچی رجسٹری میں فاضل جج صاحبان کے روبرو 16 مارچ تا 19 مارچ تک مجموعی طور پر 113 مقدمات کی سماعت ہوئی اور ان میں سے 73 مقدمات نمٹا دئے گئے۔ دریں اثناء جسٹس منیب اختر کی سربراہی میں ایک اور لارجر بینچ نے بھی عید الفطر سے قبل 16 مارچ تا 18 مارچ تک کراچی رجسٹری میں عدالتی کارروائی کرتے ہوئے مختلف مقدمات کی سماعت کی دوسرے بینچ میں جسٹس عرفان سعادت اور جسٹس صلاح الدین پہنور بھی شامل رہے فاضل بینچ نے مجموعی طور پر 45 مقدمات کی سماعت کی اور ان میں سے 8 مقدمات نمٹا دیئے جبکہ تیسرا دو رکنی بینچ جسٹس منیب اختر اور جسٹس عرفان سعادت پر مشتمل تھا جس نے صرف ایک روز 19 مارچ کو 13 مقدمات کی سماعت کی اور صرف ایک مقدمہ نمٹایا۔