کراچی (نیوز ڈیسک) ایران جنگ پر حقائق چھپانے کا الزام، ٹرمپ شدید تنقید کی زد میں، امریکی صدر نے جنگ سے متعلق غلط بیانی کی، ایران کی طاقت ختم کرنے کے دعوے مسترد، ماہرین نے حکومتی بیانات پر سوالات اٹھا دیے،جنگی حقائق چھپانا جمہوریت کے لیے خطرہ قراردیا گیا۔ نیویارک ٹائمز کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر ایران کے ساتھ جاری جنگ کے حوالے سے حقائق چھپانے اور غلط بیانات دینے کے الزامات سامنے آئے ہیں، ایک اداریے میں کہا گیا ہے کہ صدر نے ایران کی عسکری صلاحیت مکمل طور پر تباہ کرنے، جنگ کے قریب اختتام اور ایران کی جانب سے مذاکرات کی خواہش جیسے دعوے کیے جو زمینی حقائق سے مطابقت نہیں رکھتے۔ رپورٹ کے مطابق ایران بدستور خطے میں حملے کر رہا ہے جبکہ امریکی افواج کو اضافی کمک بھی طلب کرنا پڑی۔اداریے میں خبردار کیا گیا ہے کہ جنگ کے دوران غلط بیانی نہ صرف حکومتی شفافیت کو نقصان پہنچاتی ہے بلکہ اس سے سنگین غلط فیصلوں اور حتیٰ کہ جنگی جرائم کے امکانات بھی بڑھ سکتے ہیں۔ مزید کہا گیا کہ اس طرز عمل سے ماضی کی ویتنام اور عراق جنگوں جیسی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے جہاں حکومتی بیانات پر عوامی اعتماد شدید متاثر ہوا تھا۔