کراچی (نیوز ڈیسک) ایرانی کلسٹر بموں سے آئرن ڈوم کو چیلنج، اسرائیلی دفاعی نظام بے نقاب، کلسٹر وارہیڈ میزائل اسرائیلی دفاع عبور کرنے لگے،آئرن ڈوم بکھرتے بموں کو روکنے میں ناکام ثابت ہو رہا ہے۔درجنوں حملوں میں ہلاکتیں اور زخمی رپورٹ، ماہرین کا کہنا ہے یہ حکمتِ عملی دفاعی ذخائر پر دباؤ ڈال رہی ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایران کی جانب سے کلسٹر وارہیڈ لے جانے والے بیلسٹک میزائلوں کے استعمال نے اسرائیل کے فضائی دفاعی نظام آئرن ڈوم کے لیے نئی مشکلات پیدا کر دی ہیں، کیونکہ یہ میزائل فضا میں پہنچ کر درجنوں چھوٹے بموں میں تقسیم ہو جاتے ہیں جنہیں روکنا انتہائی دشوار ہو جاتا ہے۔ رپورٹس کے مطابق حالیہ کشیدگی کے دوران داغے گئے متعدد ایرانی میزائل اسرائیلی دفاع کو عبور کرتے ہوئے شہری علاقوں تک پہنچے جس کے نتیجے میں ہلاکتیں اور درجنوں افراد زخمی ہوئے، دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ ان میزائلوں کو صرف اس صورت میں مؤثر طور پر روکا جا سکتا ہے جب انہیں وارہیڈ کے بکھرنے سے پہلے تباہ کیا جائے، جبکہ ایران کی اس حکمتِ عملی کا ایک مقصد اسرائیل کو مہنگے انٹرسیپٹر میزائل زیادہ استعمال کرنے پر مجبور کرنا بھی ہو سکتا ہے، ادھر کلسٹر ہتھیاروں کو عالمی قوانین کے تحت متنازع قرار دیا جاتا ہے کیونکہ یہ اندھا دھند نقصان پہنچاتے ہیں اور بعض اوقات ان کے غیر پھٹنے والے حصے بعد میں بھی شہریوں کے لیے خطرہ بنے رہتے ہیں۔