بیروت (اے ایف پی) بیروت کے قریب اسرائیلی حملہ، ایک شخص شہید، ایرانی قدس فورس رکن کو نشانہ بنانیکا دعویٰ، حازمیہ میں رہائشی عمارت پر حملہ کیا گیا، اسرائیل کی بیروت کے جنوبی مضافات خالی کرنے کی نئی وارننگ دی ہے۔ لبنان کے دارالحکومت بیروت کے قریب حازمیہ کے علاقے میں اسرائیلی فضائی حملے کے نتیجے میں کم از کم ایک شخص شہید ہو گیا، جبکہ اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ایران کے پاسدارانِ انقلاب کی قدس فورس کے ایک رکن کو نشانہ بنایا ہے۔ لبنانی حکام کے مطابق حملہ ایک رہائشی اپارٹمنٹ کے اندر ایک کمرے پر کیا گیا، جو ایک بے گھر خاندان کے نام پر کرائے پر تھا، تاہم اصل ہدف کوئی اور شخص تھا، جس سے شہری علاقوں میں پوشیدہ اہداف کو نشانہ بنانے کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔ اسرائیل نے بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقوں کے رہائشیوں کو دوبارہ انخلا کی وارننگ بھی دی ہے، جہاں حزب اللہ کا اثر و رسوخ ہے، جبکہ اس واقعے کے بعد لبنان میں جنگ سے متاثرہ افراد کی میزبانی کے حوالے سے خدشات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے، اور یہ تنازع اب دارالحکومت کے حساس علاقوں تک پھیلتا دکھائی دے رہا ہے۔