• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی، تیز رفتار واٹر ٹینکر نے 2 گھروں کے چراغ گل کردیئے

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈیفنس موڑ اختر کالونی سگنل کے قریب تیز رفتار واٹر ٹینکر کی زد میں آکر موٹر سائیکل سوار کم عمر لڑکے سمیت 2 افراد جاں بحق ہوگئے ، ماڑی پور روڈ پر ٹریفک حادثے میں شدید زخمی ہونے والا نوجوان دوران علاج دم توڑ گیا دلخراش ٹریفک حادثے کے بعد دونوں افراد کی لاشیں واٹر ٹینکر کے نیچے پھنس گئیں جنھیں ریسکیو عملے نے سخت جدوجہد کے بعد نکالا ۔ تفصیلات کے مطابق ڈیفنس موڑ اختر کالونی ٹریفک سگنل کے قریب تیز رفتار واٹر ٹینکر کی زد میں آکر موٹر سائیکل سوار کم عمر لڑکے سمیت 2 افراد جاں بحق ہوگئے ، دلخراش ٹریفک حادثے کے بعد دونوں افراد کی لاشیں واٹر ٹینکر کے نیچے پھنس گئیں جنھیں ریسکیو کے عملے نے سخت جدوجہد کے بعد واٹر ٹینکر کے نیچے سے نکال کر ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا ، پولیس کاکہناہےکہ متوفین کی شناخت 12 سالہ زوہیب ولد سردار خان اور 21سالہ زبیر ولد طیب خان کے نام سے ہوئی ہے، متوفین کورنگی صنعتی ایریا کے علاقے شریف آباد کے رہائشی تھے موٹر سائیکل پر قیوم آباد چورنگی سے کالا پل کی جانب جا رہے تھے جیسے ہی اختر کالونی سگنل کے قریب پہنچے تو ایک سوزوکی سڑک کنارے کھڑی تھی جس نے اچانک گاڑی کا دروازہ کھول دیا جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار دونوں افراد دروازے سے ٹکرانے کے بعد سڑک پر گر گئے اسی دوران سوزوکی کے عقب سے آنے والے واٹر ٹینکر کے پچھلے ٹائروں کی زد میں آکر جاں بحق ہوگئے ، حادثے کے بعد ڈرائیور واٹر ٹینکر چھوڑ کر فرار ہوگیا جبکہ سوزوکی کا ڈرائیور بھی گاڑی سمیت موقع پر سے فرار ہوگیا تاہم پولیس نے واٹر ٹینکر کو اپنے قبضے میں لیکر تھانے منتقل کر کے ٹریفک بحال کرا دیا بعدازاں پولیس نے قانونی کارروائی کے بعد دونوں متوفین کی لاشوں کو ورثا کے حوالے کر دیا اور اس حوالے سے پولیس مزید تحقیقات کر رہی ہے دریں اثنا اتوار کی شب ماڑی پور روڈ پاور ہاؤس کے قریب ٹریفک حادثے میں شدید زخمی ہونے والا نوجوان 25 سالہ ناصر ولد عثمان غنی سول اسپتال میں دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا ، پولیس نے بتایا ہےکہ حادثہ موٹر سائیکل سلپ ہونے کے بعد پول اور فٹ پاتھ سے ٹکرانے کے باعث پیش آیا تھا ، موٹر سائیکل سوار ایک نوجوان 25 سالہ میثم ولد حسین موقع جاں بحق جبکہ دوسرا نوجوان ناصر ولد عثمان شدید زخمی ہوا تھا جو پیر کی صبح دوران علاج دم توڑ گیا ، دونوں متوفین نوجوان آگرہ تاج کالونی کے رہائشی تھے ، ترجمان چھیپا فاؤنڈیشن کے مطابق رواں سال شہر میں مختلف ٹریفک حادثے میں خواتین ، بچے اور بچیوں سمیت 241 افراد جاں بحق اور 2464 افراد زخمی ہوئے ہیں جبکہ رواں برس اب تک ہیوی گاڑیوں کی ٹکر سے جاں بحق ہونے والوں کی مجموعی تعداد 81 ہوگئی ہے جس میں ڈمپر کی ٹکر سے 5 افراد ، ٹریلر کی ٹکر سے 37 افراد ، واٹر ٹینکر کی ٹکر سے 23 افراد ، مزدا کی ٹکر سے 7 افراد اور بس کی ٹکر سے 9 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں واضح رہے کہ گزشتہ دنوں آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے شہر میں ٹریفک کے بڑھتے ہوئے واقعات پر متعلقہ حکام سے پورٹ بھی طلب کی ہے ۔
اہم خبریں سے مزید