پشین (آن لائن /جنگ نیوز)وزیراعلیٰ خیبر پختونخواسہیل آفریدی نے کہاہے کہ حکمرانوں کو پاکستان کی ترقی سے نہیں صرف پی ٹی آئی کو ختم کرنے میں دلچسپی ہے‘ پاکستانی غیرت مندہیں جو ٹرمپ کو سیلوٹ مارنے والے کو وزیراعظم نہیں مانتے‘ان لوگوں نے ہمیشہ انگریزوں کی غلامی کی ہے‘اس بار کفن باندھ کر نکلیں گے جبکہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی کاکہنا ہے کہ ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان بہترین ملک بنے‘پارلیمنٹ طاقت کاسرچشمہ ہو‘ ملک میں آزاد الیکشن کمیشن کے ذریعے منصفانہ انتخابات کرائے جائیں۔اتوارکو پشین میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی کا کہنا تھاکہ ہم ہر اس پالیسی کی مخالفت کریں گے جو عوامی مفاد میں نہیں ہوگی۔ افغانستان پر جو یہ بند کمروں میں پالیسی بناتے ہیں ہم اس پر تنقید کریں توکہتے ہیں افغانستان چلے جاؤ‘جب ہم کہتے ہیں ایران کے معاملے میں قوم کو اور پارلیمان کو اعتماد میں لو تو کہتے ہیں ایران چلے جاؤ‘یہ پاکستان تمہارے باپ کا ہے؟ یہ پاکستان میرا ہے، میں ہوں اس پاکستان کا مالک، میں ہوں پاکستان کا عام شہری اور پاکستان کا عام شہری ہی ریاست ہے۔ پاکستان میں صرف ایک لیڈر ہے جواڈیالہ جیل میں ناحق قید ہے، اس کا نام عمران احمد خان نیازی ہے، ہم نے اس کے لیے گولی بھی کھانی ہے، ہم نے اس کے لیے روڈوں پر بھی نکلنا ہے‘ انشاء اللہ اس بار نکلیں گے تو سر پر کفن باندھ کر نکلیں گے۔ میں آپ سے وعدہ کرتا ہوں کہ نہ ہی ہم بوٹ پالشی ہیں اور نہ ہی دنیا کی کوئی طاقت ہمیں ہرا سکتی ہے، نہ ہی کوئی دنیا کی طاقت ہمیں خرید سکتی ہے، ہم لوگ آپ کو کبھی مایوس نہیں کریں گے، آپ نے صرف ہم پہ اعتماد رکھنا ہے۔