کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پیٹرول کی قیمت میں اضافے نے گاڑی خریدنے والے صارفین کی ترجیحات بھی بدل دی ہیں ، روایتی گاڑیوں کی انڈسٹری بری طرح متاثر،پاکستان میں پلگ اِن ہائبرڈ اور رینج ایکسٹینڈڈ گاڑیاں تیزی سے مقبول ہو رہی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں مسلسل اضافےکے بعد گاڑی چلانے کی لاگت میں نمایاں اضافہ ہو چکا ہے، جسکے باعث اسپورٹس یوٹیلیٹی وہیکل (SUV) استعمال کرنے والوں کی ترجیحات تیزی سے تبدیل ہو رہی ہیں۔ ماہرین اور صنعت سے وابستہ شخصیات کے مطابق اب پلگ اِن ہائبرڈ الیکٹرک وہیکلز (PHEVs) اور رینج ایکسٹینڈڈ الیکٹرک وہیکلز (REEVs) پاکستانی صارفین کیلئے زیادہ موزوں اور معاشی طور پر فائدہ مند انتخاب بنتے جا رہے ہیں۔چیری ماسٹر پاکستان کے ڈائریکٹر سیلز اینڈ مارکیٹنگ سید آصف احمد کے مطابق موجودہ پیٹرول قیمتوں نے روایتی گاڑیوں کی معیشت کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اب یہ صرف ماحولیات کا معاملہ نہیں رہا بلکہ براہ راست صارف کے ماہانہ اخراجات کا سوال بن چکا ہے۔اعداد و شمار کے مطابق ایک عام پیٹرول پر چلنے والی سی-سیگمنٹ SUV، جو اوسطاً 10 کلومیٹر فی لیٹر مائلیج دیتی ہے، موجودہ قیمتوں پر تقریباً 32 روپے فی کلومیٹر خرچ کرتی ہے۔ اسکے مقابلے میں روایتی ہائبرڈ گاڑیاں، جو تقریباً 18 کلومیٹر فی لیٹر مائلیج دیتی ہیں، انکی لاگت بھی کم ہو کر تقریباً 18 روپے فی کلومیٹر رہتی ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ اصل تبدیلی پلگ اِن ہائبرڈ اور رینج ایکسٹینڈڈ گاڑیوں کے ذریعے آ رہی ہے، جو شہری استعمال کے دوران زیادہ تر سفر بجلی پر مکمل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ مثال کے طور پر ایک جدید پلگ اِن SUV کی بیٹری کو مکمل چارج کرنے پر تقریباً 170 کلومیٹر تک کا سفر کیا جا سکتا ہے۔ اگر بجلی کی اوسط قیمت 50 روپے فی یونٹ لی جائے تو ایک مکمل چارج کی لاگت تقریباً 1700 روپے بنتی ہے، جو فی کلومیٹر تقریباً 10 روپے کے برابر ہے۔