اسلام آباد( تنویر ہاشمی ) وفاقی وزیر تخفیف غربت و سماجی تحفظ سید عمر ان احمد شاہ نے کہا کہ گزشتہ دوبرسوں میں مالی حالت بہتر ہونے پر بی آئی ایس پی کی 40لاکھ خواتین غربت کی لیکر سے باہر آئی ہیں ، آئندہ بجٹ میں بی آئی ایس پی کے بجٹ میں مزید اضافہ ہوگا تاکہ زیادہ سے زیادہ گھرانے مستفید ہوسکیں ،جنگ کو خصوصی انٹرویو میں سید عمران شاہ نے بتایا کہ کفالت پروگرام کےذریعے بی آئی ایس پی کی سہ ماہی قسط ساڑھے 13ہزار روپے سے بڑھا کر ساڑھے 14ہزار روپے کر دی گئی ہےا ور ڈیجیٹل والٹ کےذریعے کرپشن اور انسانی مداخلت کو کم سے کم کر دیاگیا ، وفاقی وزیر نے بتایا کہ بی آئی ایس پی کے کفالت پروگرام میں ایک کروڑ سے زائد مستحقین مستفید ہورہے ہیں ان میں زیادہ تر خواتین ہیں جن کو تین طرح سے کفالت ، نشوونما پروگرام اور تعلیمی وظائف کےذریعے سپورٹ کرر ہے ہیں ، دو سال کے بعد ہونیوالے سروے میں معلوم ہوا ہےکہ اس سال 40لاکھ خواتین غربت سکور سے باہر نکلی ہیں یہ غربت سکور 32ہے،جبکہ 40لاکھ مزید لوگوں کو شامل کیاگیا ہے، بی آئی ایس پی کے ایک کروڑ گھرانوں میں پیدا ہونیوالے بچے بھی خط غربت سے نیچے ہیں اس لیے ان اعدا د وشمار سے غربت میں اس حساب سے بڑھ رہی ہے۔