کراچی (اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے چیئرمین و وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ایم کیو ایم شہری سندھ کے عوام کے حقوق، وسائل کی منصفانہ تقسیم، بااختیار بلدیاتی نظام اور محرومیوں کے خاتمے کے لئے اپنی جدوجہد مزید تیز کرے گی۔ عیدالفطر پر متحدہ کے مرکز بہادر آباد سے جاری کردہ تہنیتی پیغام میں ایم کیو ایم کے چیئرمین نے پاکستانی قوم، ملت اسلامیہ خصوصا غزہ و فلسطین کے مسلمانوں کو عید کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ عید محض خوشیوں کا تہوار نہیں بلکہ یہ ایثار، بھائی چارے، برداشت اور اجتماعی ذمے داریوں کا احساس اجاگر کرنے، ملت اسلامیہ کو ایک دوسرے کا دکھ درد بانٹنے اور غزہ سمیت تمام مظلوم مسلمانوں کے ساتھ خوشیاں بانٹنے کا ہے، جو ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ایک مہذب معاشرے کی بنیاد باہمی احترام، ہمدردی اور انصاف پر استوار ہوتی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ موجودہ حالات میں جب ملک کا ایک بڑا طبقہ مہنگائی، بے روزگاری اور بنیادی سہولتوں کی کمی جیسے مسائل سے دوچار ہے ،ہماری ذمے داری دوچند ہو جاتی ہے کہ ہم عید کی خوشیاں صرف اپنی ذات تک محدود نہ رکھیں بلکہ اپنے اردگرد موجود نادار، مستحق اور پسے ہوئے محروم طبقوں کو بھی اس خوشی میں برابر کا شریک بنائیں۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ حقیقی خوش حالی اسی وقت ممکن ہے جب ہر شہری کو اس کا جائز حق اور عزتِ نفس کے ساتھ جینے کے مواقع فراہم کیئے جائیں، عید کا پیغام ہمیں اختلافات سے بالاتر ہو کر قومی یکجہتی ،رواداری اور مثبت طرزِ فکر کو فروغ دینے کی تلقین کرتا ہے، عید کا دن اس بات کا تقاضا کرتا ہے کہ ہم ذاتی اور گروہی مفادات سے نکل کر پاکستان کی ترقی، استحکام اور روشن مستقبل کے لئے متحد ہو جائیں۔ انہوں نے پوری قوم باالخصوص کراچی کے عوام کو عید کی دلی مبارک باد پیش کرتے ہوئے دعاء کی کہ خدائے واحد اس بابرکت موقع کو ہمارے لئے خیر و برکت، امن و سلامتی اور اجتماعی خوش حالی کا ذریعہ بنائے اور پاکستان کو ایک مضبوط ،مستحکم اور فلاحی ریاست کے طور پر دنیا میں نمایاں مقام عطاء فرمائے۔آمین۔