کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان انڈر19کرکٹ ٹیم کے نوجوان بیٹر سمیر منہاس اسلام آباد یونائیٹڈ کے لئے پہلی بار پی ایس ایل کھیلیں گے۔لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سمیر منہاس نے کہا کہ پی ایس ایل اچھا موقع دیتی ہے جس کے بعد آپ قومی ٹیم میں جگہ بناسکتے ہیں۔ ملکی و غیر ملکی کھلاڑیوں سے بھی بہت کچھ سیکھنے کو ملتا ہے، میرے اوپر اضافی دبائو نہیں ہے، اللہ نے بہت عزت دی ہے اور جس طرح اپنی گیم کھیلتا ہوں ویسے ہی کھیلوں گا۔ منگل سے لاہور میں ٹریننگ آغاز ہواہے ۔ کوچز رول بتائیں گے ، ڈیوڈ کونوے اور مارک چیپمین سے بہت کچھ سیکھنے کو ملے گا، تینوں فارمیٹ کھیلنے کا ارادہ رکھتا ہو پی ایس ایل میں ہر ٹیم اچھی ہے اچھا مقابلہ ہوگا،سو فیصد پرفارمنس دینے کی کوشش کرونگا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ بہت اچھی فرنچائز ہے، ٹیم کو پتہ ہے کہ ٹاپ آرڈر کھیلتا ہوں ، فرنچائز ٹاپ آرڈر موقع دے گی تو وہاں بھی اچھا کھیلوں گا۔ ادھر ملتان سلطانز کے مومن قمر نے کہا کہ سب کھلاڑی پر اعتماد ہیں، مسلسل کرکٹ کھیلتے آ رہے ہیں، ایونٹ کیلئے تیار ہیں، تبریز شمسی کی ویڈیوز بہت زیادہ دیکھتا ہوں، عادل رشید کو بھی دیکھتا ہے، رسٹ اسپنر ہوں اس لیے کوشش ہوتی ہے کہ رسٹ اسپنرز کو زیادہ سے زیادہ دیکھوں۔