کراچی(اسٹاف رپورٹر) سابق ٹیسٹ فاسٹ بولرعمر گل کو پاکستان ٹیم کابولنگ کوچ، قومی سلیکٹر اسد شفیق کو بیٹنگ کوچ جبکہ عبد السعد کو فیلڈنگ کوچ کی ذمہ داریاں سونپے جانے کا امکان ہے۔ عبدالسعد ویمن کرکٹ ٹیم کے فیلڈنگ کوچ رہ چکے ہیں۔ دورہ بنگلہ دیش کیلئے ٹیسٹ اسکواڈ کا کیمپ کراچی میں لگایا جائے گا، کھلاڑی 29 اپریل سے کیمپ میں شامل ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق ناموں پر سلیکٹرز کی مشاورت جاری ہے۔ مشاورت میں سابق کپتان سرفراز احمد بھی شامل ہیں جو بنگلا دیش کے خلاف سیریز سے ہیڈ کوچ کی ذمے داریاں سنبھال رہے ہیں۔ اسکواڈ اور ٹیم انتظامیہ میں ردو بدل کا امکان ہے۔ وکٹ کیپر روحیل نذیر کو موقع دیا جاسکتا ہے۔