• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کنگز نے لڑے بغیر ہتھیار ڈال دیئے، اسلام آباد سرخرو، ہوم گرائونڈ پر شکست کی ہیٹ ٹرک

کراچی (عبدالماجد بھٹی) پاکستان سپر لیگ گیارہ میں تین بار کی سابق چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو بغیر کسی مزاحمت کے8 وکٹ سے شکست دے کر ملتان سلطانز کی جگہ پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن حاصل کرلی۔ سمیر منہاس اور ڈیون کونوے کی شاندار بیٹنگ کے سبب کراچی کو ہوم گرائونڈ پر مسلسل تیسری شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ لاہور میں تین میچ جیتنے کے بعد کراچی میں قسمت اس کا ساتھ نہ دے سکی۔ اسلام آباد کے بولروں نے کراچی کو بڑا اسکور کرنے سے روکا پھر بیٹسمینوں نے ہدف کو آسان بنادیا۔ جمعرات کی شب نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ڈیون کونوے 36 گیندوں پر 53 رنز کے ساتھ نا قابل شکست رہے۔ انہوں نے ایک چھکا اورچھ چوکے مارے۔ کپتان شاداب خان 16 گیندوں پر31 رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے۔ انہوں نے دو چھکے اورایک چوکا مارا۔ اسلام آباد نے سات میں سے تین میچ جیتے اور تین میں اسے شکست ہوئی ہے۔ ایک میچ بارش کی نذر ہوا ہے۔ کراچی کنگز نے چھ میں سے تین میچ جیتے اور تین ہارے ہیں۔ اوپنرزڈیون کونوے اورسمیر منہاس نے یونائیٹڈ کو پراعتماد آغاز کیا۔ پاور پلے کے چھ اوورز میں 67رنز بنے۔ دسویں اوور میں 93 رنز پر کراچی کو پہلی کامیابی ملی ۔ سمیر منہاس58 رنز کی اننگز کھیل کر معین علی کی گیند پر اسٹمپڈ ہوئے۔ انہوں نے36گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے دس چوکے مارے۔ قبل ازیں کراچی کنگز نے 6 وکٹ پر 150 رنز بنائے۔ ریزا ہینڈرکس 51 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے انہوں نے44 گیندیں کھیلیں، چار چوکے مارے، اعظم خان نے 29 گیندوں پر 34 ، جیسن روئے نے 39 رنز بنائے۔ انہوں نے27گیندوں کا سامنا کیا انہوں نےدو چھکے اور تین چوکے مارے۔ سلمان علی آغا 4 ، سعد بیگ 6 اور معین علی8رنز بناکر آوٹ ہوئے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کیلئے شاداب خان اور رچرڈ گلیسن نے 28 اور 22 رنز دے کر 2، 2 جبکہ فہیم اشرف اور محمد حسنین نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ عماد وسیم نےچار اوورز میں36 رنز دیے۔

اسپورٹس سے مزید