پشاور(این این آئی)خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے میں موجود افغان مہاجرین کی مرحلہ وار واپسی سے متعلق اہم فیصلہ کرتے ہوئے طورخم بارڈر جزوی طور پر کھولنے کی منظوری دے دی ہے‘ پہلے مرحلے میں جیلوں میں قید افغان شہریوں کی واپسی ہوگی۔پولیس اور حکومتی ذرائع کے مطابق طورخم بارڈر صرف مخصوص قافلوں کے لیے کھولا جائے گا اور واپسی کا عمل مرحلہ وار مکمل کیا جائے گا ۔ محکمہ داخلہ کی رپورٹ کے مطابق پشاور سینٹرل جیل میں ایک ہزار سے زائد، کوہاٹ اور ہری پور کی جیلوں میں تقریبا 1200 افغان قیدی موجود ہیں، جن کی دیکھ بھال پر روزانہ لاکھوں روپے خرچ ہو رہے ہیں۔پہلے مرحلے میں جیلوں سے افغان باشندوں کو نکال کر ناصر باغ کیمپ منتقل کیا جائے گا، جہاں ان کی رجسٹریشن مکمل کی جائے گی۔