اسلام آباد( رپورٹ حنیف خالد) مصدقہ ذرائع کے مطابق راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی اسٹیڈیم روڈ اور 9th ایونیو (آئی جے پی جنکشن) پر انڈر پاس کی تعمیر کا منصوبہ شروع کرے گا، جس کا مقصد شہری ٹریفک کے مسائل کا خاتمہ اور آمد و رفت کو بہتر بنانا ہے۔ منصوبے کے مطابق انڈر پاس کی تخمینہ لاگت 800 ملین روپے ہے جبکہ اس کی مجموعی لمبائی تقریباً 1600 فٹ (0.58 کلومیٹر) ہوگی، جس سے راولپنڈی اور اسلام آباد کے درمیان ٹریفک کی روانی میں نمایاں بہتری آئے گی۔ موجودہ سڑک کی چوڑائی 36 فٹ ہے جبکہ مجوزہ انڈر پاس کی چوڑائی 24 فٹ رکھی گئی ہے۔ انڈر پاس کی اونچائی (کلیرنس) 16 فٹ ہوگی تاکہ ہر قسم کی گاڑیوں کی آسانی سے آمد و رفت ممکن ہو سکے۔ مزید برآں بارش کے پانی کے مؤثر نکاس کے لیے سمپ ہاؤس بھی تعمیر کیا جائے گا۔ یہ منصوبہ ایک اہم مقام پر واقع ہے جہاں سے فیض آباد، پیرودھائی، اسٹیڈیم روڈ اور 9th ایونیو آپس میں ملتے ہیں اور روزانہ کی بنیاد پر شدید ٹریفک کا دباؤ رہتا ہے۔ انڈر پاس کی تعمیر سے ٹریفک کے بہاؤ میں بہتری، سفر کے وقت میں کمی اور شہریوں کو بہتر سفری سہولیات میسر آئیں گی۔