پشاور (خصوصی نامہ نگار) تحصیل متنی کے اسسٹنٹ کمشنر سعید منان نے پشتہ خرہ اور ملحقہ علاقوں کے نوجوانوں کو ہنرمند اور مثبت سرگرمیوں کا ماڈل ایریا بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس مقصد کے حصول کیلئے جامع حکمت عملی تیار کرلی گئی ہے جس پر جلد عملی کام کا آغاز کیا جائے گا۔ وہ میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر ملک فرمان علی بھی موجود تھے۔ سعید منان نے کہا کہ نوجوانوں کو منفی سرگرمیوں سے دور رکھ کر کھیلوں اور تفریحی ماحول کی طرف راغب کرنا وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے، اور اس سلسلے میں کھیل ایک مؤثر اور مضبوط ذریعہ ثابت ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ اس وقت دنیا بھر سمیت پاکستان اور خصوصاً خیبر پختونخوا میں بے حد مقبول کھیل ہے، لہٰذا پہلی ترجیح نوجوانوں کو کرکٹ کی جانب متوجہ کرنا ہوگی، کرکٹ کے فروغ کے ساتھ ساتھ دیگر کھیلوں کا بھی مرحلہ وار انعقاد کرایا جائے گا تاکہ تحصیل متنی میں کھیلوں کا ایک مضبوط کلچر پروان چڑھ سکے، کھیل ہی وہ واحد میدان ہے جس کے ذریعے نوجوانوں کی پوشیدہ صلاحیتوں کو نکھار کر انہیں قومی اور بین الاقوامی سطح پر متعارف کرایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مربوط منصوبہ بندی اور مشترکہ کوششوں کے ذریعے تحصیل متنی کو کھیلوں کا گہوارہ بنایا جائے گا۔ انہوں نے علاقہ پشتہ خرہ بلکہ پشاور اور صوبے بھر میں کھیلوں کی ترقی کیلئے ملک فرمان علی کی کوشش کوبھی سراہا۔ ملک فرمان علی نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں میں مصروف رکھنا معاشرے کی بہتری کیلئے نہایت ضروری ہے، وہ اس مشن میں ہر ممکن تعاون کریں گے۔ علاقے کے عمائدین نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ اگر اس منصوبے پر مؤثر انداز میں عملدرآمد کیا گیا تو نہ صرف نوجوانوں کو صحت مند ماحول میسر آئے گا بلکہ علاقے میں کھیلوں کے فروغ کے ساتھ ساتھ نئی ٹیلنٹ کی تلاش اور ترقی کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔