• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

2ملزمان گرفتار، کارسے 36,000گرام چرس برآمد، متعدد پراپرٹی یونٹس سیل

پشاور (خصوصی نامہ نگار) خیبر پختونخوا حکومت کی زیرو ٹالرنس پالیسی اور وزیر ایکسائز سید فخر جہان کی ہدایات کی روشنی میں محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن ونارکوٹکس کنٹرول صوبہ بھر میں منشیات کے خلاف کارروائیاں عمل میں لا رہا ہے۔ محکمہ ایکسائز کے مطابق اسی سلسلے میں ایکسائز اینٹیلیجنس بیورو نے ایک کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں منشیات سمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔ پراونشل انچارج ایکسائز اینٹیلیجنس بیورو سعود خان گنڈاپور اور ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر (کاؤنٹر نارکوٹکس آپریشنز) ماجد خان کی زیر نگرانی، انسپکٹر فخر عالم خان اور سب انسپکٹر فیاض خان پر مشتمل ایکسائز اینٹیلیجنس سکواڈ نے دیگر نفری کے ہمراہ ایچ گول چوک پشاور میں کی گئی کارروائی کے دوران مشکوک گاڑی نمبر ایل ای بی 4852 کو روک کر تلاشی لی جس کے نتیجے میں گاڑی سے تقریباً 36,000 گرام چرس برآمد کی گئی۔ موقع پر موجود دو ملزمان ذیشان اور محمد طارق کو گرفتار کر لیا گیا۔ ملزمان کے خلاف تھانہ ایکسائز پشاور ریجن میں مقدمہ درج کر کے تفتیش اور قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ محکمہ ایکسائز کے مطابق منشیات کے خلاف جاری مہم بلا تعطل جاری رہے گی اور اس مکروہ دھندے میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ادھر محکمہ نے ٹیکس نادہندگان کے خلاف جاری مہم کے تحت ضلع مردان اور کوہاٹ میں کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد پراپرٹی یونٹس سیل کر دیئے۔ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر مردان محمد خالد کی نگرانی میں تحصیل تخت بھائی میں ٹیکس نادہندگان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی جس کے دوران متعدد ڈیفالٹر پراپرٹی یونٹس کو سیل کیا گیا۔ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن افیسر مردان محمد خالد خان کا کہنا ہے کہ ضلع مردان میں آئندہ اپریل، مئی اور جون کے مہینوں کے دوران ٹیکس نادہندگان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لاکر ان کی جائیدادوں کوسیل کیا جائے گا جن سے اندازاً تقریباً 20 کروڑ روپے کے واجبات حاصل کئے جا سکتے ہیں۔
پشاور سے مزید