پشاور (خصوصی نامہ نگار) اسلام آباد میں یکم سے 7 اپریل تک ہونے والی ساؤتھ ایشین بیڈمنٹن چیمپئن شپ کے لئے پاکستان کے 11 رکنی دستے کااعلان کر گیا جس میں خیبرپختونخوا کے 6 کھلاڑی شامل ہیں جو اسلام آباد کیلئے روانہ ہو گئے، جہاں وہ چیمپئن شپ سے قبل پانچ روزہ ٹریننگ کیمپ میں حصہ لیں گے۔پاکستان بیڈمنٹن فیڈریشن اس ایونٹ کو آرگنائز کر رہی ہے جس میں پاکستان کے علاوہ بنگلہ دیش، سری لنکا، نیپال، بھوٹان اور مالدیپ کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔ خیبر خیبرپختونخوا بیڈمنٹن ایسوسی ایشن کے صدر بلال خان پاکستان ٹیم کے ساتھ منیجر کے فرائض انجام دیں گے۔ میاں صداقت شاہ سیکرٹری جنرل کے پی بیڈمنٹن ایسوسی ایشن نے امید ظاہر کی ہے کہ صوبے کے کھلاڑی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے اود پاکستان کیلئے میڈل جیتنے میں کامیاب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ مشیر کھیل تاج محمد ترند اور ڈی جی سپورٹس تاشفین حیدر کے تعاون کی بدولت خیبر پختونخوا کے کھلاڑی پاکستان ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئے ہیں. کھلاڑیوں میں انڈر 16 میں محمد حسنین، انڈر 19 میں محمد حاشر اور فہد احمد، انڈر 23 میں عمر جہانگیر اور محمد زید شامل ہیں۔