پاکستان سپر لیگ 11 (پی ایس ایل) کی مختلف فرنچائزز کے مالکان نے وزیرِ اعظم شہباز شریف سے اسٹیڈیمز میں شائقینِ کرکٹ کو داخلے کی اجازت دینے کی مشترکہ اپیل کر دی۔
فرنچائز مالکان نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغامات میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ فینز کی موجودگی ہی پی ایس ایل کی اصل روح ہے۔
لاہور قلندرز کے مالک عاطف رانا نے کہا ہے کہ پی ایس ایل پاکستان میں کرکٹ کا جشن ہے لیکن شائقین کے بغیر یہ ادھورا محسوس ہوتا ہے۔
اُنہوں نے وزیرِ اعظم اور وزیرِ اعلیٰ سے درخواست کی ہے کہ فینز کی اسٹیڈیمز میں واپسی کی اجازت دی جائے۔
ملتان سلطانز کے مالک گوہر شاہ کا کہنا ہے کہ تمام فرنچائزز شائقین کی واپسی چاہتی ہیں کیونکہ کرکٹ کا اصل حسن عوام کی شرکت سے ہے۔
راولپنڈی ٹیم کے مالک احسن طاہر نے کہا ہے کہ فینز کے بغیر کرکٹ ممکن نہیں اور یہ کھیل پاکستانی عوام کی میراث ہے جو ان کے جذبے سے زندہ رہتا ہے۔
پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے پی ایس ایل کو عوام کو متحد کرنے کا ذریعہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ شائقین کا جوش و خروش لیگ کی حقیقی شناخت ہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے مالک علی نقوی نے بھی سوشل میڈیا پر اپنے مؤقف میں لکھا ہے کہ گراؤنڈ میں فینز کی توانائی ہی پی ایس ایل کی دھڑکن ہے اور ان کے بغیر لیگ نامکمل محسوس ہوتی ہے۔
حیدرآباد کنگسمین کے مالک فواد سرور نے بتایا کہ پہلے میچ میں شائقین کی کمی شدت سے محسوس ہوئی اور مطالبہ کیا کہ اسٹیڈیمز میں دوبارہ ہر باؤنڈری اور وکٹ پر تماشائیوں کا شور سنائی دے۔
اسی طرح کراچی کنگز کے مالک نے خالی اسٹیڈیمز دیکھ کر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
فرنچائز مالکان کا متفقہ مؤقف ہے کہ پی ایس ایل صرف ایک ٹورنامنٹ نہیں بلکہ قومی اتحاد اور عوامی جذبات کی علامت ہے جس کی تکمیل شائقین کی موجودگی سے ہی ممکن ہے۔