پشاور(جنگ نیوز)خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی فوڈ پوائزننگ کی خبروں کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ہری پور میں کارروائی عمل میں لائی۔بدھ کو تر جمان فوڈ اتھارٹی خیبرپختونخوا کے مطابق فوڈ سیفٹی ٹیم نے ضلعی انتظامیہ کے ہمراہ مشترکہ آپریشن کرتے ہوئے متاثرہ علاقے کا دورہ کیا اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ترجمان فوڈ اتھارٹی نے تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا کہ فوڈ سیفٹی ٹیم نے ٹراما سینٹر ہری پور کا دورہ کیا جہاں متاثرہ افراد سے ملاقات کر کے واقعے کی تفصیلات حاصل کی گئیں۔ حکام نے بتایا کہ بعد ازاں فوڈ سیفٹی ٹیم نے شاپنگ ایریا میں واقع شاحی پیزا پر چھاپہ مارا گیا جہاں کچن میں صفائی کے انتہائی ناقص انتظامات پائے گئے۔کارروائی کے دوران باسی چکن، ایکسپائرڈ کولڈ ڈرنکس اور غیر معیاری و مس لیبل اشیاء برآمد کر کے سرکاری تحویل میں لے لی گئیں۔ ترجمان کے مطابق سنگین خلاف ورزیوں پر شاحی پیزا کو فوری طور پر سیل کر دیا گیا جبکہ مالک کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل فوڈ اتھارٹی کاشف اقبال جیلانی نے کامیاب کارروائی پر فوڈ سیفٹی ٹیم کو سراہا اور کہا کہ عوام کی صحت سے کھیلنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی اور ایسے عناصر کے خلاف سخت تادیبی کارروائیاں عمل میں لائی جائیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبے بھر میں خوراک کے معیار کو یقینی بنانے کے لیے بلا تعطل کارروائیاں جاری رہیں گی۔