پشاور(اے پی پی)ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چارسدہ محمد وقاص خان کی زیر صدارت بدھ کے روز ڈی پی او آفس میں اردلی روم کا انعقاد کیا گیا۔تر جمان چارسدہ پولیس کے مطابق اس موقع پر پولیس جوانوں نے اپنے مختلف مسائل اور امور سے ڈی پی او چارسدہ کو آگاہ کیا۔اردلی روم کے دوران مختلف تھانوں اور یونٹس سے تعلق رکھنے والے پولیس اہلکاروں نے شرکت کی اور اپنے پیشہ ورانہ و ذاتی مسائل براہ راست ڈی پی او چارسدہ محمد وقاص خان کے سامنے پیش کیے۔ ڈی پی او چارسدہ نے جوانوں کے مسائل کو تفصیل سے سنا اور موقع پر ہی متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات جاری کیں تاکہ ان مسائل کو جلد حل کیا جا سکے۔اس موقع پر ڈی پی او چارسدہ کا کہنا تھا کہ پولیس جوان محکمہ کی ریڑھ کی ہڈی ہیں اور ان کے مسائل کا حل ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جوانوں کی فلاح و بہبود اور پیشہ ورانہ امور میں آسانی کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔اردلی روم کے دوران ڈی پی او نے جوانوں کو فرائض کی انجام دہی میں دیانتداری، نظم و ضبط اور عوام کے ساتھ خوش اخلاقی اختیار کرنے کی بھی ہدایت کی۔