نیپال کے سابق وزیرِ اعظم کے پی شرما اولی کو گرفتار کر لیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کے پی شرما اولی کو گزشتہ روز گرفتار کیا گیا۔
حکام کے مطابق کے پی شرما اولی کو گزشتہ ستمبر میں جین زیڈ کی قیادت میں ہونے والے کرپشن کے خلاف مظاہروں کے دوران درجنوں ہلاکتوں کو روکنے میں ناکامی کا سامنا ہے۔ اس حوالے سے پولیس تحقیقات کر رہی ہے۔
ادھر کے پی شرما اولی کے وکیل نے ان کی گرفتاری کو غیر قانونی قرار دیا ہے۔
دوسری جانب کے پی اولی کے سابق وزیرِ داخلہ رمیش لیکھک کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔
سابق وزیر اعظم کی گرفتاری اس وقت سامنے آئی جب مظاہروں کے دوران تشدد کی تحقیقات کرنے والے ایک پینل نے سفارش کی تھی کہ کے پی اولی کے خلاف غفلت کا مقدمہ چلایا جائے۔
سابق وزیرِ اعظم کے حامیوں نے ان کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کیا اور پولیس کے ساتھ جھڑپیں ہوئیں۔
گزشتہ ستمبر میں پولیس کریک ڈاؤن، پرتشدد واقعات اور بدامنی کے دوران 76 افراد ہلاک ہوئے تھے، جس کے بعد کے پی اولی مستعفی ہو گئے تھے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ریپر سے سیاست دان بننے والے بالِندرا شاہ نے وزیرِ اعظم کے عہدے کا حلف اٹھایا۔