• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تعلیمی اداروں کی بندش، طلبہ کی تعلیمی نسل کشی قبول نہیں، منعم ظفر

کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں کی بندش، طلبہ کی تعلیمی نسل کشی کسی طور قابل قبول نہیں تعلیمی اداروں کو بلاوجہ بند کرنے کی پالیسی ترک کی جائے، تعلیمی بجٹ میں اضافہ کیا جائے، اساتذہ کو درپیش مسائل حل کیے جائیں اور طلبہ کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں، ادارہ نورحق میں تنظیم اساتذہ کراچی کے تحت تقریب سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسی بھی قوم کی ترقی کا دارومدار اس کے نظامِ تعلیم پر ہوتا ہے، جب بھی کوئی مشکل یا بحرانی صورتحال پیدا ہوتی ہے تو حکمران طبقہ سب سے پہلے تعلیمی اداروں کو بند کرنے کا آسان راستہ اختیار کر لیتا ہے، جس سے طلبہ کا تعلیمی نقصان ہوتا ہے اور ان کا مستقبل داؤ پر لگ جاتا ہے،حکمران اپنی عیاشیاں، غیر ضروری اخراجات اور شاہانہ طرزِ زندگی کم کرنے کے بجائے سارا بوجھ عوام پر ڈال دیتے ہیں، تقریب سے تنظیم اساتذہ پاکستان کے صدر پروفیسر رئیس احمد منصوری ودیگر نے بھی خطاب کیا،منعم ظفر خان نے تنظیم اساتذہ کو تعلیمی مسائل پر شعور اجاگر کرنے پر خراج تحسین پیش کیا،تقریب میں نائب صدر تنظیم اساتذہ صوبہ سندھ شاکر شکور،صوبائی فنانس سکریٹری عمر فاروق قریشی،ماہر تعلیم عظیم صدیقی،ڈائریکٹر شعبہ تعلیم جماعت اسلامی کراچی محمد پرویز،پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن کے عہدیداران محمد حنیف جدون،پرویز ہارون،سعید احمد بٹالوی،ڈاکٹر وقار احمداور شیر حسن شامل تھے۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید