کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایسٹ پولیس نے ڈینٹل کالج کی بس میں چڑھ کر طالبات کو اسلحے کے زور پر لوٹنے والے تینوں ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے اسلحہ ، موٹر سائیکل طالبات سے چھینے گئے موبائل فونزاور بیگز برآمد کر لیے ،تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی ایسٹ زبیرنذیر شیخ نے اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ 26 مارچ کوبہادر آباد کے علاقے میں 3 مسلح ملزمان نے ڈینٹل کالج کی بس پرچڑھ کر 4 طالبات سے لوٹ مار کی تھی اورموقع پر سے فرارہوگئے انھوں نے بتایا کہ کیس ہائی پروفائل ہونے کی وجہ سے وزیر داخلہ سندھ ، آئی جی سندھ اور ڈی آئی جی ایسٹ نے واقعہ کا سخت نوٹس لیا تھا انھوں نے بتایا کہ واردات میں ملوث ملزمان کی گرفتاری پرانھوں نے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی تھی جس نے 72 گھنٹوں کے اندرسی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد اور تیکنکی بنیادوں پرلائنز ایریا میں کارروائی کرتے ہوئے گرفتارکیا گیا، ملزمان میں محمد سمیر، امجد اورشہاب الدین شامل ہیں،ایس ایس پی نے بتایا کہ گرفتار ملزمان نے اسلحے کے زور پر طالبات سے چار موبائل فونز اور ان کے بیگ چھینے تھے، ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران شہر میں اسٹریٹ کرائم کی درجنوں وارداتوں کا بھی اعتراف کیا ہے، زبیرنذیرشیخ نے بتایا کہ ملزمان کی گرفتار ی پرآئی جی سندھ کی جانب سے پولیس کی خصوصی ٹیم کے لیے تعریفی اسناداورنقد انعام کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔