گڑھی خیرو (نامہ نگار) گڑھی خیرو کے قریب گھر پر مسلح افراد کا حملہ، راکیٹ لانچروں سے فائرنگ، ایک بچی سمیت دو افراد ہلاک، ورثہ کا ملزمان کی گرفتاری کے لیے جیکب آباد روڈ پر دھرنا، رپورٹ کے مطابق تھانہ دوداپور کی حدود گوٹھ ملوک لہر میں گذشتہ شب دیر سے نامعلوم مسلح افراد نے ایک گھر پر جدید اسلحے اور راکیٹ لانچروں سے حملہ کر دیا، فائرنگ کی وجہ سے ایک معصوم بچی ساجدہ اور نوجوان صدام حسین لہر سمیت دو افراد موقعے پر ہی ہلاک ہوگئے، جبکہ ایک بچہ 12سالہ حنیف لہر شدید زخمی ہوگیا، واقعے کے بعد ورثہ اور علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت لاشوں اور زخمی نوجوان کو تعلقہ اسپتال منتقل کیا، جہاں پر نوجوان کی حالت تشویشناک ہونے پر لاڑکانہ منتقل کیا گیا، واقعے کے خلاف لہر برادری کا سردار طارق جاوید لہر کی قیادت میں گڑھی خیرو ـ جیکب آباد روڈ پر لاش رکھ کر احتجاجی دھرنا دیا، دھرنے کی وجہ سے ٹریفک معطل ہوگئی اور دونوں اطراف سے گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں، اس موقعے پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ورثہ کا کہنا تھا کہ ہماری کسی سے دشمنی نہیں ہے لیکن سب جانتے ہیں کہ گڑھی خیرو کے علاقے مکین ڈکیتوں اور بھتہ خوروں کے رحم و کرم پر ہیں، جرائم پیشہ افراد اور ڈکیت سرعام دندناتے پھرتے ہیں ، کچھ روز قبل نامعلوم نمبروں سے بھتے کی دھمکیاں ملنے کے بعد مسلح افراد نے رات کی تاریکی میں گھر پر راکیٹ لانچروں اور جدید اسلحے سے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں ایک معصوم بچی سمیت دو افراد ہلاک ہو گئے ہیں، جبکہ ایک نوجوان شدید زخمی ہے، انہوں نے مزید کہا کہ ملوث ملزمان کی گرفتاری تک احتجاج جاری رہے گا۔