پشاور(آئی این پی )خیبر پختونخوا حکومت نے پبلک سروس کمیشن ایکٹ میں ترامیم کا فیصلہ کرتے ہوئے پبلک سروس کمیشن ایکٹ کا ترمیمی مسودہ تیار کر لیا۔رپورٹ کے مطابق پبلک سروس کمیشن کی تشکیل میں گورنر سے اختیارات واپس لینے کیلئے ترامیم تیار کی گئی۔ مجوزہ ترامیم میں پبلک سروس کمیشن کی تشکیل کا اختیار وزیراعلیٰ کو مل جائے گا۔موجودہ ایکٹ کے تحت کمیشن کے اراکین کے چنائوکیلئے چیف سیکرٹری کی سربراہی میں سرچ اینڈ اسکروٹنی کمیٹی تشکیل دی جائے گی، جس کی تجاویز گورنر اور وزیراعلی ٰکو بھیجی جائیں گی، نئے مجوزہ ایکٹ میں کمیشن ارکان استعفیٰ گورنرکے بجائے حکومت کو دیں گے۔کمیشن رپورٹ صوبائی حکومت کو دے گی اور رپورٹ اسمبلی میں پیش کی جائے گی۔