• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گوادر پورٹ تیزی سے اسٹرٹیجک بحری مرکز کے طور پر ابھر رہا ہے، وفاقی وزیر

اسلام آباد( نیوز رپورٹر) وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے کہا ہے کہ گوادر پورٹ تیزی سے ایک محفوظ اور اسٹریٹجک بحری مرکز کے طور پر ابھر رہا ہے، خطے میں جاری کشیدگی نے روایتی شپنگ روٹس کو متاثر کیا ، جس کے نتیجے میں گوادر پورٹ کو ایک قابلِ اعتماد اور محفوظ ٹرانزٹ پوائنٹ کے طور پر سامنے آنے کا موقع ملا،روایتی شپنگ روٹس متاثر ہونے کے باعث عالمی شپنگ لائنز روایتی خلیجی راستوں کے متبادل محفوظ روٹس تلاش کر رہی ہیں۔وفاقی وزیر بحری امور کے یہ ریمارکس اس وقت سامنے آئے جب خصوصی جہاز ایم/وی ایچ ایم او لیڈر کامیابی کے ساتھ گوادر پورٹ پر لنگر انداز ہوا، جو 35 جنرل ٹرانس شپمنٹ کارگو کے یونٹس لے کر آیاہے۔ یہ پیش رفت ایک اہم آپریشنل سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے اور اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ بین الاقوامی میری ٹائم آپریٹرز کارگو کے بہاؤ کو پاکستان کے جنوب مغربی ساحل کی جانب منتقل کر رہے ہیں۔جنید چوہدری نے کہا کہ بین الاقوامی شپنگ کمپنیوں کی بڑی تعداد گوادر پورٹ سے رابطہ کر رہی ہے تاکہ کارگو اسٹوریج اور آگے ترسیل کے لیے اس کی سہولیات سے فائدہ اٹھایا جا سکے۔ اس تبدیلی کو آسان بنانے کے لیے پورٹ حکام ٹرانس شپمنٹ کارگو کے لیے مفت اسٹوریج کی سہولت فراہم کر رہے ہیں، جس کا مقصد کارگو کے حجم میں اضافہ اور خطے میں گوادر کی مسابقتی حیثیت کو مضبوط بنانا ہے۔

ملک بھر سے سے مزید