اسلام آباد (خبر نگار) پاکستان تحریک انصاف نے بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی بینائی متاثر ہونے پرسخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔ پارٹی کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا کہ اڈیالہ جیل میں قید بشریٰ بی بی کی بینائی متاثر ہونے کی اطلاعات اور پمز کے آئی اسپیشلسٹ ڈاکٹر کی رپورٹ اس امر کی واضح دلیل ہے کہ انہیں بنیادی انسانی حقوق اور ضروری طبی سہولیات سے دانستہ محروم رکھا جا رہا ہے۔ یہ محض غفلت نہیں بلکہ ایک سوچے سمجھے ظلم اور بدترین انتقامی رویے کا تسلسل ہے۔ تحریک انصاف نے اپنے مطالبے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بشریٰ بی بی کو فوری طور پر اعلیٰ ترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔