کراچی (نیوز ڈیسک) اسرائیلی صدر کے دفتر نے وزیراعظم نیتن یاہو کی معافی کی درخواست پر مزید وضاحت طلب کر لی۔ قانونی عمل مکمل ہونے سے پہلے معافی دینے پر سوالات، معاملہ محکمہ انصاف کو واپس، فیصلہ ابھی ابتدائی مرحلے میں ہے۔ ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق اسرائیل کے صدر کے دفتر نے وزیراعظم کی بدعنوانی مقدمے میں معافی کی درخواست پر مزید وضاحت طلب کرتے ہوئے معاملہ واپس محکمہ انصاف کو بھیج دیا ہے۔ صدر کے قانونی مشیر نے جاری بیان میں کہا کہ جاری عدالتی کارروائی کے دوران معافی دینے کے اختیارات سے متعلق سابقہ مثالوں اور اضافی قانونی مواد کی ضرورت ہے، خاص طور پر ایسے معاملات میں جہاں سفارتی یا سکیورٹی نوعیت کے عوامل شامل ہوں۔ حکام کے مطابق یہ اقدام صرف پیشہ ورانہ جائزہ مکمل کرنے کے لیے ہے اور اس سے کسی حتمی فیصلے کا عندیہ نہیں ملتا۔