اسلام آ باد ( رانا غلام قادر)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومتی فیصلوں کی بدولت پیٹرولیم مصنوعات کی مناسب مقدار موجود ہے، حالیہ صورتحال میں عوامی ریلیف کو اولین ترجیح دی ،جس قدر ممکن ہو سکا، گزشتہ تین ہفتوں میں عوام کو ریلیف فراہم کیا۔ وزیر اعظم کی زیر صدارت خطے کی صورتحال کے پیش نظر ایندھن کی بچت اور کفایت شعاری کے اقدامات کے جائزہ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ اپریل کیلئے پیٹرول کی درآمد کا انتظام ہو چکا ، ایندھن کی فراہمی کیلئے لمبی قطاریں ہیں نہ ہی بد انتظامی ۔وزیر اعظم نے کہا کہ تیل کی قیمتوں کو بڑھنے سے روکنے کیلئے وفاقی حکومت نے 125 ارب رو پے کی خطیر رقم مختلف بچتوں اور ترقیاتی بجٹ میں کٹوتی کرکے دی تاکہ عوام عالمی سطح پر کشیدگی کے براہ راست اثرات سے محفوظ رہیں۔ وزیر اعظم آفس کے اعلامیہ کے مطا بق اجلاس کے شرکا نے عوام سے اپیل کی کہ بچت مہم میں حکومت کا ساتھ دیں اور غیر ضروری سفر سے پرہیز کریں، دفاتر و کام کی جگہوں پر ٹیلی کانفرنسنگ کو ترجیح دی جائے،اجلاس کو بتایا گیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی طلب و رسد اور پورے سپلائی چین کی با قاعدگی سے نگرانی کی جارہی ہے ،اس سلسلے میں ایک ڈیجیٹل ڈیش بورڈ بھی تیار کیا گیا ، اپریل کیلئے پیٹرول کی درآمد کا انتظام ہو چکا ،دیگر ممالک کے بر عکس پاکستان میں ایندھن کی فراہمی کے حوالے سے نہ تو لمبی قطاریں ہیں اور نہ ہی بد انتظامی ہے جو حکومت کے بہترین انتظام کو ثبوت ہے، بروقت حکومتی اقدامات کی بدولت ملک میں تیل کی صورتحال کو احسن طور سے مینیج کیا گیا ہے۔