اسلام آباد (رانا غلام قادر )فیول سبسڈی، وزیراعظم شہباز شریف کا بائیک اور رکشوں کا ڈیٹا ڈیجیٹل کرنے کا حکم،گزشتہ روز اپنی زیر صدارت خطے کی صورتحال کے پیش نظر ایندھن کی بچت اور کفایت شعاری کے لیے جاری اقدامات کے نفاذ پر منعقدہ جائزہ اجلاس کے دوران وزیر اعظم نے ہدایت دی کہ صوبائی حکومتیں موٹر سائیکلوں اور رکشہ مالکان کو رجسٹریشن انکے اپنے نام کروانے کیلئے تمام سہولیات فراہم کریں۔اس اقدام سے ملک بھر کے موٹر سائیکلوں اور رکشوں کا ڈیٹا ڈیجیٹائز ہو جائے گا اور انکے مالکان کو مستقبل میں حکومت کی طرف سے دئیے جانے والے ریلیف سے مستفید ہونے کا موقع ملےگا۔وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے چیف سیکریٹریوں کے ساتھ رابطے تیز کرنے کی ہدایت کی۔موٹر سائیکل سواروں اور رکشہ چلانے والوں کیلئے مجوزہ فیول سپورٹ پروگرام کیلئے تیار شدہ ایپ پر بھی بریفنگ دی گئی ۔