اسلام آباد (اے پی پی):صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے خوراک کے ضیاع میں کمی کے لیے مربوط اور عملی اقدامات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ مہنگائی اور محدود گھریلو آمدنی کے تناظر میں خوراک کے ضیاع میں کمی براہِ راست عوام کی روزمرہ زندگی سے جڑی ہوئی ہے،زرعی معیشت ہوتے ہوئے پاکستان کو کھیت سے منڈی تک ہونے والے نقصانات پر خصوصی توجہ دینی چاہیئے۔اتوار کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے عالمی یومِ زیرو ویسٹ کے موقع پر جاری پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ خوراک کا ضیاع ایک سنگین مسئلہ ہے اس میں کمی کے لیے مربوط اور عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔ اس سال عالمی یومِ زیرو ویسٹ خوراک کے ضیاع کے موضوع کے تحت منایا جا رہا ہے، جو ایک ایسے چیلنج کی نشاندہی کرتا ہے جس کے پاکستان سمیت پوری دنیا پر گہرے اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ خوراک کے ضیاع اور نقصان میں کمی کو پیداوار، رسد ذخیرہ اور استعمال کے ہر مرحلے پر ترجیح دی جانی چاہئیے۔