ملتان (سٹاف رپورٹر) کمشنر عامر کریم خان نے ’’ملتانی کارنر‘‘کا باقاعدہ افتتاح کر دیا،افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سوا دو مرلے رقبے پر تقریباً 32 لاکھ روپے کی لاگت سے یہ خوبصورت عوامی مقام شہریوں کے لیے تیار کیا گیا ہے، کمشنر نے بتایا کہ مذکورہ جگہ پہلے خالی پڑی تھی جہاں لوگ کچرا پھینکتے تھے جس کے باعث علاقہ بدنما نظر آتا تھا،انہوں نے مزید کہا کہ اس منصوبے کی تعمیر میں ملتان کی ثقافت کو خصوصی طور پر مدنظر رکھا گیا ہے،دیواروں اور ڈیزائن میں مزارات، ملتانی تہذیب اور روایتی پوٹری کے عناصر کو نمایاں کیا گیا ہے جب کہ مقامی فنکاروں کی ہاتھ کی کاریگری سے خوبصورت نقش و نگار بھی تیار کیے گئے ہیں، کمشنر کا کہنا تھا کہ ملتانی کارنر کو شہر کی پہچان اور خوبصورتی کے ایک نئے نمونے کے طور پر ڈیزائن کیا گیا ہے، جہاں شہریوں کے بیٹھنے اور آرام کرنے کے لیے صاف ستھری اور دلکش جگہ فراہم کی گئی ہے،اس منصوبے سے علاقے کی مجموعی خوبصورتی میں نمایاں بہتری آئی ہے۔