• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زرعی ترقی کیلئے ریگولیٹری نظام کو مزید مؤثر اور آسان بنایا جائے‘زرعی ماہرین

ملتان(سٹاف رپورٹر) محمد نواز شریف زرعی یونیورسٹی میں سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو کی زیر صدارت کپاس کے بیج کے شعبے کی بہتری اور ترقی کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ماہرینِ زراعت، انڈسٹری سے وابستہ نمائندگان اور محققین نے شرکت کی،اجلاس میں کپاس کی پیداوار میں اضافہ، معیاری بیج کی فراہمی اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ سے متعلق مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا، اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ زرعی ترقی کے لیے ریگولیٹری نظام کو مزید مؤثر اور آسان بنایا جائے تاکہ جدید ٹیکنالوجی تک رسائی آسان ہو سکے،شرکانے بائیو ٹیکنالوجی پالیسی کی اہمیت پر روشنی ڈالی، جو نہ صرف نظام میں استحکام لائے گی بلکہ عالمی سطح پر سرمایہ کاری کے مواقع بھی پیدا کرے گی،بیج کے معیار کو بہتر بنانے کو اولین ترجیح قرار دیا گیاجب کہ تصدیق شدہ اور معیاری بیج کی پیداوار بڑھانے، سیڈ پروسیسنگ کو مضبوط بنانے اور متعلقہ قوانین کے مؤثر نفاذ کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا،اجلاس میں یہ بھی تجویز دی گئی کہ مقامی بیج کی ترقی کے ساتھ اعلیٰ معیار کے درآمدی ہائبرڈ بیج کو بھی فروغ دیا جائے، مزید برآںتحقیق و ترقی میں سرمایہ کاری بڑھانے، ہائبرڈ کپاس کی تحقیق کو فروغ دینے اور جدید سائنسی بنیادوں پر اقسام کی شناخت کے نظام کو بہتر بنانے پر اتفاق کیا گیا جب کہپبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اور انڈسٹری کے فعال کردار کو بھی اس ضمن میں نہایت اہم قرار دیا گیا، سیکرٹری زراعت نے اجلاس میں پیش کیے گئے نکات کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت پنجاب زرعی شعبے کی بہتری اور کپاس کی بحالی کے لیے مؤثر اقدامات جاری رکھے گی اور تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر بہتری کے عمل کو آگے بڑھایا جائے گا۔
ملتان سے مزید