ملتان (سٹاف رپورٹر) فاطمہ جناح ہاؤسنگ سوسائٹی جرنلسٹسبلاک میں واسا کے واٹرٹینک سے ہونے والی لیکیج نے سنگین صورتحال اختیار کرلی ہے،پانی قریبی خالی پلاٹوں میں داخل،ٹینکی کی چار دیواری بھی شدید متاثر، ذرائع کے مطابق مذکورہ کالونی ایم ڈی اے کے زیر انتظام ہے، تاہم انتظامیہ کی جانب سے تاحال اس مسئلے پر کوئی مؤثر کارروائی سامنے نہیں آئی،پانی کے مسلسل بہاؤ کے باعث زمین دلدلی ہو رہی ہے اور دیوار کی بنیادیں کمزور پڑنے سے اس کے گرنے کا خدشہ بڑھ گیا ہے، جو کسی بھی وقت بڑے حادثے کا سبب بن سکتا ہے، علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ متعدد بار واسا اور ایم ڈی اے حکام کو شکایات درج کروائی جا چکی ہیں مگر کوئی سنجیدہ اقدام نہیں اٹھایا گیا،شہریوں نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو صورتحال مزید خراب ہو سکتی ہے، مکینوں نے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹینکی کی لیکیج بند کی جائے، متاثرہ چار دیواری کی مرمت کی جائے اور نکاسی آب کا ہنگامی بنیادوں پر انتظام کیا جائے تاکہ ممکنہ جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔