ملتان (سٹاف رپورٹر) چیمبر آف سمال ٹریڈرز نے حکومت کی جانب سے ہفتہ میں دو روز لاک ڈاؤن کے نوٹیفکیشن کو مسترد کرتے ہوئے اسے تاجر دشمن اور عوام دشمن فیصلہ قرار دیا ہے اور بھرپور مزاحمت کا فیصلہ کیا ہے،تاجر رہنماؤں کا کہنا ہے کہ ایسے اقدامات سے نہ صرف کاروباری سرگرمیاں شدید متاثر ہوں گی بلکہ عام شہریوں کی مشکلات میں بھی کئی گنا اضافہ ہوگا۔چیمبر آف سمال ٹریڈرز ملتان شہر کے صدر ظفر اقبال صدیقی، چیئرمین احتشام الحق، عزیز الرحمن انصاری، حاجی اصغر اکبر، میاں ظفر اقبال، جنوبی پنجاب کے صدر چوہدری طارق کریم، ضلعی چیئرمین خواجہ عمار یاسر، ضلعی جنرل سیکرٹری خواجہ یاسر اشفاق، عاطف ریحان، جنوبی پنجاب کے جنرل سیکرٹری شیخ عامر سلیم، چیئرمین جنوبی پنجاب مرزا اعجاز علی، شیخ غلام مرتضیٰ، ملک اختر حسین اور نائب صدر جنوبی پنجاب رانا اصغر نے مشترکہ بیان میں کہا کہ حکومت کی پالیسیوں کا بوجھ صرف غریب عوام اور تاجر برادری پر ڈالنا کسی صورت قابل قبول نہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر دکانیں اور ٹرانسپورٹ مکمل بند کر دی جائیں تو نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ جائے گا،تاجر رہنماؤں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر ہفتہ وار دو روزہ لاک ڈاؤن کا فیصلہ واپس لیا جائے، بصورت دیگر تاجر برادری احتجاجی لائحہ عمل اختیار کرنے پر مجبور ہوگی، جس کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔