پشاور(اے پی پی):سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے ہیلمٹ اور موٹر سائیکل کی رجسٹریشن نہ ہونے پر 124موٹر سائیکلیں ٹرمینل میں بند کر دیں۔ ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کارروائیاں سی سی پی او ڈاکٹر میاں سعید کی ہدایت اور چیف ٹریفک آفیسر ڈاکٹر زاہد اللہ کی نگرانی میں کی گئیں۔ چیف ٹریفک آفیسر ڈاکٹر زاہد اللہ کے مطابق ہیلمٹ استعمال نہ کرنے والے موٹر سائیکل سواروں کے خلاف کارروائیاں بلا تفریق جاری رہیں گی۔ بغیر ہیلمٹ کے موٹر سائیکل پر سفر کرنیوالوں کیساتھ کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ موٹر سائیکلوں کی رجسٹریشن نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائیوں کا آغاز کردیا گیا ہے۔ شہری بروقت اپنی موٹر سائیکلوں کی رجسٹریشن کریں تاکہ انہیں کسی قسم کی مشکلات درپیش نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ موٹر سائیکل پر سفر کے دوران ہیلمٹ کا استعمال انتہائی ضروری ہے جس کے استعمال سے حادثے کی صورت میں جانی نقصان سے بچا جا سکتا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ٹریفک حکام روزانہ کی بنیاد پر کارروائیوں کا سلسلہ مزید تیز کریں اور کسی کیساتھ رعایت نہ کی جائے۔