لاہور (اپنے نامہ نگار سے) صوبائی وزیر و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے سیکرٹری جنرل وفاق المدارس العربیہ پاکستان مولانا قاری حنیف جالندھری سے ملاقات کی۔ اس موقع پر سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی و دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔ ملاقات میں امن و امان کی مجموعی صورتحال اور اتحاد بین المسلمین کے فروغ بارے تبادلۂ خیال کیا گیا۔ صوبائی وزیر و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر کہا کہ حکومت پنجاب صوبہ بھر میں اتحاد بین المذاہب اور اتحاد بین المسلمین کو فروغ دے رہی ہے سیکرٹری جنرل وفاق المدارس العربیہ پاکستان مولانا قاری حنیف جالندھری نے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے اتحاد بین المسلمین کی کاوشوں کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ مکالمہ اور باہمی مشاورت کے ذریعے مسائل کا حل ہی معاشرتی استحکام کی ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذہبی ہم آہنگی اور رواداری کے فروغ کیلئے حکومت کیساتھ ہر ممکن تعاون جاری رہے گا۔ ملاقات کے اختتام پر ملک و قوم کی ترقی و سلامتی کیلئے دعا کی گئی۔