لاہور (جنرل رپورٹر) پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے کہا ہے کہ ڈاکٹرز معاشرے کے وہ محسن ہیں جو دکھی انسانیت کی خدمت کو اپنا شعار بنائے ہوئے ہیں اور اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کو نہایت خلوص اور جذبے کے ساتھ ادا کر رہے ہیں، صحت کے شعبے سے وابستہ افراد نہ صرف بیماریوں کا علاج کرتے ہیں بلکہ مریضوں کو زندگی کی نئی امید بھی دیتے ہیں۔ ڈاکٹروں کے عالمی دن کے حوالے سے پی جی ایم آئی میں نوجوان ڈاکٹرز سے گفتگو میں پروفیسر فاروق افضل نے کہا کہ اپنے پیشے کی عظمت کو ہمیشہ مقدم رکھیں اور جدید میڈیکل تقاضوں کے مطابق اپنی پیشہ ورانہ مہارتوں میں مسلسل اضافہ کریں کیونکہ نئی تحقیق، جدید طریقہ علاج اور ٹیکنالوجی سے ہم آہنگی ہی مریضوں کو بہتر اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنا سکتی ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے مزید کہا کہ ہسپتالوں میں آنے والے مریض امید اور اعتماد کے ساتھ ڈاکٹرز کی طرف دیکھتے ہیں، اس لیے ضروری ہے کہ ڈاکٹرز نہ صرف طبی مہارت بلکہ اخلاقی اقدار کو بھی مقدم رکھیں اور مریضوں کے ساتھ خوش اخلاقی اور شفقت کا مظاہرہ کریں۔