لاہور (آصف محمود بٹ )داتا دربار کے چندہ بکسوں میں بڑے پیمانے پر مالی مبینہ خوردبرد، تحقیقات کا حکم۔ سی سی ٹی وی فوٹیج چوری، نگرانی شروع ہوتے ہی چندے میں حیران کن اضافہ، کروڑوں کے نقصان کا شبہ۔ بدعنوانی و بد انتظامی کے الزامات،دو رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل،5 سابق افسران کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی۔ محکمہ اوقاف پنجاب نے حضرت داتا گنج بخشؒ کے مزار داتا دربار کے چندہ بکسوں میں مبینہ بڑے پیمانے پر مالی خوردبرد، بدانتظامی اور شواہد چھپانے کیلئے میڈیا کو گمراہ کرنے کی کوششوں کے الزامات پر پانچ سابق افسران کے خلاف باضابطہ انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔"جنگ" کو حاصل دستاویزات کے مطابق سیکرٹری اوقاف پنجاب و چیف ایڈمنسٹریٹر ڈاکٹر احسان بھٹہ کی جانب سے جاری کردہ حکم نامے کے مطابق یہ کارروائی پنجاب ایمپلائز ایفیشنسی، ڈسپلن اینڈ اکاؤنٹیبلٹی (پیڈا) ایکٹ 2006 کے تحت عمل میں لائی گئی ہے۔ نامزد افسران ماضی میں داتا دربار پر مختلف ذمہ داریاں سرانجام دیتے رہے اور اس وقت صوبے کے دیگر مقامات پر تعینات ہیں۔9 مارچ 2026 کو مزار انتظامیہ کی جانب سے جمع کرائی گئی رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد مجاز اتھارٹی نے قرار دیا کہ ابتدائی طور پر مذکورہ افسران بدعنوانی، حکم عدولی اور مالی خردبرد میں ملوث پائے گئے، جس پر پیڈا ایکٹ کی دفعہ 5(9) کے تحت باضابطہ انکوائری ناگزیر ہے۔