• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

درسی کتب کی تقسیم سے متعلق منفی خبروں میں کوئی صداقت نہیں

کوئٹہ(خ ن) بلوچستان ٹیکسٹ بک بورڈ نے صوبے بھر میں مفت درسی کتب کی تقسیم سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی منفی خبروں کی تردید کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ تعلیمی سال 2026 کے لیے درسی کتب کی ترسیل کا عمل تیزی سے جاری ہے اور اب تک 86 فیصد کتب تمام 36 اضلاع کے ضلعی ہیڈکوارٹرز تک پہنچائی جا چکی ہیں باقی ماندہ کتب بھی ترسیل کے مراحل میں ہیں بیان میں کہا گیا ہے کہ درسی کتب کی مجموعی طلب ہر سال طلبہ کے اندراج کی بنیاد پر ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن (اسکولز) کی جانب سے طے کی جاتی ہےجبکہ بلوچستان ٹیکسٹ بک بورڈ اسی کے مطابق کتب کی طباعت اور فراہمی یقینی بناتا ہے۔ترجمان کے مطابق رواں سال تمام درسی کتب کی طباعت مکمل ہو چکی ہے اور صرف محدود تعداد کی ترسیل باقی ہے۔ اضلاع تک کتب کی فراہمی کے بعد ان کی مزید تقسیم ضلعی ہیڈکوارٹرز سے کلسٹر سینٹرز اور اسکولوں تک کی جاتی ہے، جس میں بعض دور دراز علاقوں میں جغرافیائی دشواریوں کے باعث تاخیر ہو سکتی ہے۔بیان میں سوشل میڈیا پر زیر گردش اس دعوے کو مسترد کیا گیا کہ ‘‘صرف 20 فیصد کتب تقسیم کی گئی ہیں’’، اور اسے حقائق کے منافی قرار دیا گیا۔ ترجمان کے مطابق ایسے بیانات نامکمل معلومات یا محدود مشاہدات پر مبنی ہیں جو زمینی حقائق کی درست عکاسی نہیں کرتے۔