کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر) مرکزی انجمن تاجران بلوچستان رجسٹرڈ کے صدر عبدالرحیم کاکڑ ، آل پاکستان مزدا ٹرک گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین میر حاجی نواب مینگل اور اتحاد تاجران بلوچستان کے صدر حسن آغا نے مطالبہ کیا ہے کہ کوئٹہ شہر کے داخلی راستے بلیلی چیک پوسٹ پر بنایاجانے والا ٹول پلازہ ختم کرکے جلوگیر کے مقام پر بنایا جائے کولپور سے شام 6 بجے مال بردار گاڑیوں کو آنے کی اجازت دی جائےاگر ہمارے مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو بھرپور احتجاج کیا جائے گایہ بات انہوں نے حضرت علی اچکزئی ، یٰسین مینگل، عمران ترین، سعد اللہ اچکزئی، ہاشم کاکڑ، ظفر کاکڑ، محمد جان آغا درویش، محمد اختر، خدائے نظر، میر عدنان لہڑی اور دیگر کے ہمراہ یہاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہیعبدالرحیم کاکڑ نے کہا کہ حکومت کی جانب سے بلیلی چیک پوسٹ پر ٹول پلازہ قائم کیا گیا ہے جس میں شہر میں گاڑیوں کے داخل ہونے کے لیے صرف 2 راستے رکھے گئے ہیں جس کی وجہ سے اندرون صوبہ اور ملک سے آنے والی گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں لگ جاتی ہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ مذکورہ ٹول پلازہ کو جلوگیر کے مقام پر منتقل کیا جائے انہوں نے کہا کہ ہزار گنجی منڈی میں سیکورٹی کیلئے موثر انتظامات کیے جائیں سرکی روڈ پر لوڈنگ گاڑیوں کو 24 گھنٹے روکنے کا سلسلہ بند کیا اور ان گاڑیوں کو مشرقی بائی پاس سے نکلنے کی اجازت دی جائے ہزار گنجی میں منظم پارکنگ ایریا ، ایمبولینس اور فائر بریگیڈ کی سہولت فراہم کی جائے۔