کوئٹہ ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن بلوچستان کے ترجمان نے ٹراما سینٹر میں ہونے والی حالیہ ریکروٹمنٹ اور پروکیورمنٹ کے عمل پر شدید تحفظات اور سخت ردعمل کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ ایم ڈی ٹراما سینٹر کو متعدد بار آگاہ کرنے کے باوجود ریکروٹمنٹ سے متعلق تمام فہرستیں، بالخصوص منتخب امیدواروں کی لسٹیں، عوام کے سامنے نہیں لائی گئیں جو کھلی کرپشن اور شفافیت کے فقدان کی واضح مثال ہے ایک بیان میں ترجمان نے کہا کہ ہمیں شدید تشویش ہے کہ ٹراما سینٹر میں آلٹیر یشن کے نام پر اربوں روپے کے ممکنہ غبن کی اطلاعات سامنے آ رہی ہیں جو کسی بھی صورت قابل قبول نہیں مزید برآں ریکروٹمنٹ کے عمل میں کھلی اقربا پروری دیکھنے میں آرہی ہے جہاں منظور نظرافرادکو بغیر متعلقہ ڈگریوں اور اہلیت کے ٹیکنیکل پوسٹوں پر تعینات کیا جا رہا ہے یہ عمل نہ صرف میرٹ کی سنگین خلاف ورزی ہے بلکہ صوبے کے عوام کی جانوں کے ساتھ خطرناک کھیل کے مترادف ہے ترجمان نے کہا کہ تمام منتخب امیدواروں کی فہرستیں اور پروکیورمنٹ کی تفصیلات عوام کے سامنے پیش نہ کی گئیں تو ہم قانونی چارہ جوئی کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔